ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گندگی الگ الگ کرکے ٹھکانے لگانا لازمی،سوکھی اور گیلی گندگی ایک ساتھ پھینکی گئی تو جرمانہ وصول کیا جائے گا: میئر

گندگی الگ الگ کرکے ٹھکانے لگانا لازمی،سوکھی اور گیلی گندگی ایک ساتھ پھینکی گئی تو جرمانہ وصول کیا جائے گا: میئر

Wed, 01 Feb 2017 10:50:59    S.O. News Service

بنگلورو،31؍جنوری(ایس او نیوز) شہر میں گندگی کی نکاسی کے نظام کو سخت کرنے اور علیحدہ کرکے کچرا ٹھکانے لگانے کے قانون کو سختی سے نافذ کرنے کے مقصد سے بی بی ایم پی نے کل سے گندگی کو الگ کرکے ٹھکانے نہ لگانے والوں سے سو روپے کا جرمانہ وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کی میئر جی پدماوتی نے بتایاکہ کل سے اگر شہریوں نے صفائی کرمچاریوں کو گیلی اور سوکھی گندگی الگ الگ کرکے نہ دی تو ان سے سو روپے بطور جرمانہ وصول کئے جائیں گے۔ آج شہر کے یڈیور میں اسکائی واک کے افتتاحی جلسہ میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ کل سے شہر بھر میں گندگی کو الگ کرکے ٹھکانے لگانا لازمی ہوگا۔ الگ کرکے ٹھکانے نہ لگانے والوں سے جرمانہ کی وصولی کو میئر نے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ بی بی ایم پی کی طرف سے اس ضابطہ کو وضع کئے کافی عرصہ ہوچکا ہے، لیکن اب تک اس پر عمل سنجیدگی سے نہیں ہوپایا ہے۔شہر کے بعض علاقوں میں بارہا تاکید کے باوجود گندگی کو اکھٹا کرکے ٹھکانے لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اسی لئے کل سے جرمانہ کی وصولی شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تین مرتبہ اکھٹا گندگی ٹھکانے لگانے والوں سے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ سو سو روپے ادا کرنے کے بعد بھی اگر چوتھی مرتبہ گندگی اسی طرح ٹھکانے لگائی گئی تو پانچ سو روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے بعد بھی اگر گندگی ٹھکانے لگانے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو اثاثہ ٹیکس کی فہرست میں ان مکینوں کو بلیک لسٹ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوکھی گندگی صرف ہفتے میں دو دن لی جائے گی، البتہ گیلی گندگی کو روزانہ اٹھایا جائے گا۔ اس سلسلے میں خاکروبوں اور کنٹراکٹروں کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔


Share: